0

کشمیر میں رک رک کر ہلکی بارشیں جاری، جموں میں 22 جون سے گرمی کی لہر تیز ہونے کا امکان

سری نگر، 21 جون : محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ رک رک کر ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 21 جون کو بیشتر مقامات پر رک رک کر ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 22 اور 23 جون کو بھی کپیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 24 سے 28 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ جموں صوبے کے میدانی علاقوں میں 22 جون سے گرمی کی لہر ایک بار پھر تیز ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 5.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 4.2 ملی میٹر اور کپوارہ میں 4.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی کے سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب1.4 ملی میٹر اور4.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
وادی میں ناساز موسمی حالات کے بیچ شبانہ درجہ حرارت میں کہیں اضافہ تو کہیں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت16.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 14.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت13.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں