0

کشمیر: پہاڑی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر ہلکی برف باری، شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ

سری نگر، 26 جنوری (یو این آئی) وادی کشمیر کے کئی پہاڑی علاقوں اور سیاحتی مقامات پر دوران شب ہلکی برف باری ہوئی اور اس دوران شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، دودھ پتھری، سونہ مرگ کے علاوہ شوپیاں، گاندر بل اور کپوارہ اضلاع کے بالائی علاقوں میں بھی دوران شب ہلکی برف باری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے بعض پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 26 جنوری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 27 جنوری کو پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارشوں یا برف باری ہوسکتی ہے۔
موصوف ترجمان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں 28 سے 31 جنوری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یکم فروری سے 3 فروری تک بھی کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا ہوسکتی ہے۔انہوں نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس موسمی صورتحال کے پیش نظر 28 سے 31 جنوری کے دوران پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر سنتھن پاس، مغل روڈ، سادھنا ٹاپ، راز دان ٹاپ اور زوجیلا ٹاپ پر ٹریفک متاثر ہوسکتا ہے۔
ادھر وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی میں جاری خشک موسمی صورتحال سے جہاں تمام تر شعبہ ہائے حیات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں وہیں یہاں موجود غیر مقامی سیاحوں میں بھی مایوسی پائی جا رہی ہے۔وادی میں برف باری کے لئے دعائیہ مجالس اور نماز استسقا کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر جلوہ افروز ہے۔
چلہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں