0

کشمیر: پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری، میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں

سری نگر، 10 اکتوبر (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں دوران شب تازہ برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں کمی درج ہوئی۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ برف و باراں کے اس مرحلے کے بعد جموں وکشمیر میں اب 13 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران گرچہ کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے تاہم اس کے بہت کم امکانات ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں جموں و کشمیر میں برف وباراں کے ایک اور مختصر مرحلے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے بالائی علاقوں میں 14 سے 17 اکتوبر تک رک رک کر ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کے 60 سے 70 فیصد امکانات ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ کے افروٹ میں تازہ برف ہوئی جس سے وہاں موجود سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
علاوہ ازیں بالتل، سونہ مرگ، شیش ناگ، پہلگام، ضلع شوپیاں کے بالائی علاقوں، پیرپنچال کی پہاڑیوں، سنتھن ٹاپ، راز دان ٹاپ اور وادی کے دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔
زوجیلا پاس پر تازہ برف باری کے باعث سری نگر – لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کچھ وقت کے لئے روک دی گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی ٹریفک کی نقل و حمل کو بحال کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 16.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 17.2 ملی میٹر، پہلگام میں 16.6 ملی میٹر، کپوارہ میں 3.6 ملی میٹر، گلمرگ میں 26.6 ملی میٹر، بانہال میں 30. 0 ملی میٹر، جموں میں 27.5 ملی میٹر، کٹرہ میں 32.4 ملی میٹر اور بھدر واہ میں 18.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں