0

کشمیر: 28 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان، شبانہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ

سری نگر، 22 جون (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی طرف سے 28 جون تک موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کے بیچ وادی کشمیر میں بیشتر مقامات پر شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 23 سے 28 جون تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 29 اور 30 جون کو کئی مقامات پر ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 1.8 ملی میٹر اور کپوارہ میں 2.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں بالترتیب 6.6 ملی میٹر اور 5.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

دریں اثنا نا ساز موسمی حالات کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر معمول سے نیچے درج ہوا ہے۔

گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے4.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت13.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت13.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔

یو این آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں