سری نگر03 ستمبر:جنوبی کشمیر کے کولگام اور شوپیاں میں تیز آندھی اور ژالہ باری کی وجہ سے سیب کے باغات کو 50 سے 60 فیصد نقصان پہنچا ہے۔ڈائریکٹر ہاٹی کلچر ظہور احمد بٹ نے باغ مالکان کو نوید سناتے ہوئے کہاکہ اگلے سال مارچ سے جموں وکشمیر میں کراپ انشورنس اسکیم لاگو ہوگی ۔
اطلاعات کے مطابق کولگام اور شوپیاں میں خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے سیب کے باغات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے منگل کے روز کولگام اور شوپیاں کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ باغات کو 70سے 80فیصد کا نقصان ہے۔انہوں نے کہاکہ قہر انگیز ژالہ باری سے سیب کے باغات پوری طرح سے تباہ ہو گئے اور کسانوں کی سال بھر کی کمائی ضائع ہو چکی ہے۔
عبدل احمد یتو نامی باغ مالک نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ژالہ باری اور تیز آندھی چلنے سے کولگام کے کھانڈے پورہ میں 80فیصد باغات تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی کہ باغ مالکان کو جلدازجلد معاوضہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کے سی سی لون کو معاوف کیا جائے۔ژالہ باری سے شوپیاں کے 25گاوں بھی متاثر ہوئے ہیں اور باغ مالکان کو کروڑوں کا نقصان ہوا ہے۔
دریں اثنا ڈائریکٹر ہاٹی کلچر ظہور احمد بٹ نے ایک اعلیٰ سطحی ٹیم کے ہمراہ کولگام اور شوپیاں کا دورہ کیا اور وہاں پر ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈائریکٹر نے کہاکہ اگریکلچر یونیورسٹی اور ہاٹی کلچر محکمہ کے ماہرین نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیر کی سہ پہر شوپیاں اور کولگام میں موسم نے کروٹ لی جس کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے میوہ باغات کو نقصان پہنچا۔ڈائریکٹر نے بتایا کہ کولگام میں 25اور شوپیاں میں 20سے 25گاوں ژالہ باری سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ باغات کو 50سے 60فیصد کا نقصان پہنچا ہے ۔ ڈائریکٹر نے کہاکہ یہاں پر آکر بہت دکھ ہوا کیونکہ ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے اے گریڈ سیب اب بی گریڈ میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
ڈائریکٹر ہاٹی کلچر نے باغ مالکان کو نوید سناتے ہوئے کہاکہ اگلے سال سے جموں وکشمیر میں کراپ انشورنس اسکیم لاگو ہوگی۔انہوں نے کہاکہ باغ مالکان کا گزشتہ بیس برسوں سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ جموں وکشمیر میں کراپ انشورنس اسکیم کو لاگو کیا جائے اور یہ مانگ بھی اب پوری ہونے جارہی ہے۔
ان کے مطابق کراپ انشورنس اسکیم کے تحت اگر موسمی صورتحال یا کسی اور وجہ سے باغات کو نقصان پہنچتا ہے تو مالکان کو باضابط طورپر انشورنس کی رقم فراہم کی جائے گی۔ڈائریکٹر کے مطابق ا س اسکیم کے تحت سرکار 95فیصد اور باغ مالکان کو صرف پانچ فیصد رقم ہی بھرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہاکہ کولگام اور شوپیاں میں ژالہ باری سے جو نقصان پہنچا ہے اس کا تخمینہ لگایا جارہا ہے اور بعد ازاں متاثرین کو سرکار کی جانب سے امداد بھی فراہم ہوگا۔
یو این آئی
0