نئی دہلی، 15 اپریل (یواین آئی) جموں و کشمیر میں اُدھم پور-سرینگر-بارہ مولہ ریل پروجیکٹ (یو ایس بی آر ایل) کے افتتاح کا پروگرام خراب موسم کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کا 19 اپریل کو دنیا کے سب سے اونچے چناب ریل پل اور انجی کھڈ ریل پل کا افتتاح کرنا تھا، اور ساتھ ہی شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے سرینگر کے لیے وندے بھارت ایکسپریس کے خصوصی کشمیر ایڈیشن کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کرنا بھی شامل تھا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا چناب ریل پل اور پھر انجی کھڈ پل جانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، جس کے لیے دو ہیلی پیڈ بھی بنائے گئے تھے۔ تاہم، 19 سے 22 اپریل تک خراب موسم کی پیش گوئی کے سبب وزیر اعظم کا جانا ممکن نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق افتتاح کی نئی تاریخ اپریل کے آخری ہفتے یا مئی کے آغاز میں طے کی جا سکتی ہے۔
یہ منصوبہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک تاریخی موقع ہوگا۔ فی الحال کٹرا کی دوسری طرف بارہ مولہ سے سنگل دان تک روزانہ 23 ریل خدمات چلتی ہیں، جن سے روزانہ تقریباً 15 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں۔ کٹرا سے کشمیر کی براہ راست کنیکٹیویٹی شروع ہونے پر یہ تعداد 25 ہزار تک پہنچنے کی امید ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 20 اپریل سے وندے بھارت ایکسپریس کی دو خدمات ہفتے میں پانچ دن چلیں گی، جبکہ باقی دو دن ایک ایک سروس ہوگی۔ مستقبل میں دو ریک کے ذریعے تین سروسز بھی شروع کی جا سکتی ہیں۔ فی الحال سب سے زیادہ مسافر بانیہال سے سرینگر کے درمیان سفر کرتے ہیں۔ بارہ مولہ، سوپور اور اننت ناگ ایسے اسٹیشن ہیں جہاں روزانہ 1000 سے زیادہ مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ اننت ناگ اسٹیشن سے سیاح پہلگام جاتے ہیں اور ہر سال آشاڑھ اور ساون مہینے میں ہونے والی امرناتھ یاترا بھی پہلگام کے راستے ہوتی ہے، اس لیے امرناتھ کے یاتریوں کے لیے بھی اننت ناگ ایک اہم اسٹیشن ہے۔
