0

ہندوستان اور پاکستان انڈر-19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

شارجہ،4نومبر : ہندوستان اور پاکستان نے بدھ کو اپنے اپنے گروپ میچوں میں شاندار فتوحات درج کرتے ہوئے انڈر- 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

اس سے قبل یدھ جیت گوہا (تین وکٹ)، چیتن شرما اور ہاردک راج (دو دو وکٹ) کی خطرناک بالنگ کے بعد ویبھو سوریہ ونشی (ناٹ آؤٹ (76) اور آیوش مہاترے (67) کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت ہندوستان بدھ کو انڈر-19 ایشیا کپ کے 12ویں میچ میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اوپننگ جوڑی ویبھو سوریہ ونشی اور آیوش مہاترے نے طوفانی بلے بازی کی اور صرف 16.1 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 143 رنز بنا کر 10 وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ ویبھو سوریہ ونشی نے 46 گیندوں میں تین چوکے اور چھ چھکے لگا کر ناقابل شکست (76) رن بنائے جبکہ آیوش مہاترے نے 51 گیندوں میں چار چوکے اور چار چھکے لگائے۔

اس سے قبل آج متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والے یو اے ای کا آغاز اچھا نہ تھا اور 17 کے اسکور پر اس کی دو وکٹیں گر گئیں۔ آرین سکسینہ (نو) اور یائین رائے (صفر) آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 15ویں اوور میں ہاردک راج نے ایتھن ڈیسوزا (17) کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اکشت رائے (26)، محمد ریان (35) اور ادیش سوری (16) رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہندوستانی بالنگ اٹیک کے سامنے یو اے ای کے سات بلے باز ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے اور یو اے ای کی پوری ٹیم 44 اوورز میں 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہندوستان کی جانب سے یدھ جیت گوہا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ چیتن شرما اور ہاردک راج نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کے پی کارتیکیا اور آیوش مہاترے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

دن کے دوسرے میچ میں محمد ریاض اللہ (ناٹ آؤٹ 66)، شاہ زیب خان (45) اور فہام الحق (34) کی شاندار اننگز کے بعد محمد حذیفہ (پانچ وکٹ) کی مہلک بالنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 نے بدھ کو 11ویں ون ڈے میں جاپان کو 180 رنز سے شکست دے کر ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔

244 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جاپانی ٹیم کو محمد حذیفہ کی تباہ کن گیند بازی کا سامنا کرنا پڑا جو آٹھ رنز دے کر(پانچ وکٹیں)، محمد احمد، ، احمدحسین نے دو دو اور فہام الحق نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جاپان کی جانب سے نہار پرمار نے سب سے زیادہ (25) اننگز کھیلی۔ جاپان کے 10 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی نہ پہنچ سکے۔ پاکستانی بالرز نے جاپان کو 28.3 اوورز میں 68 رنز پر آؤٹ کر دیا اور میچ 180 رنز سے جیت لیا۔

اس سے قبل آج پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور جاپانی بالرز نے شروع میں پاکستانی بلے بازوں میں سے کسی کو بھی زیادہ دیر تک پچ پر ٹکنے نہیں دیا۔ کپتان سعد بیگ (تین)، ہارون ارشد (نو)، فرحان یوسف (10)، فہام الحق (34) اور طیب عارف (20) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم 25ویں اوور میں 100 رنز تک پانچ وکٹیں گنوانے کے بعد مشکل میں تھی۔ ایسے بحران کے وقت شاہ زیب خان اور محمد ریاض اللہ نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت ہوئی۔ چھٹی وکٹ کے طور پر شاہ زیب خان (45) کی وکٹ گری۔ محمد ریاض اللہ (66) اور احمد حسین (30) رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں پر 243 رنز بنائے۔

جاپان کی جانب سے نہار پرمار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ کے وائی لیک، کے وائی وال، چارلس ہنز اور ٹموتھی مور نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو سیمی فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ اور اسی روز دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔

یواین آئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں