جموں،2دسمبر(یو این آئی)1989 کے ہائی پروفائل روبیہ سعید اغوا کیس میں ایک اہم پیش رفت کے تحت سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) نے منگل کو شفاعت احمد شنگلو کو جموں کی ٹاڈا عدالت میں پیش کیا۔ شنگلو کو پیر کے روز گرفتار کیا گیا تھا۔
سی بی آئی کے مطابق شنگلو کو جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یاسین ملک کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے مفرور تھا۔ ان کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔
شنگلو پر الزام ہے کہ وہ اس سازش کا حصہ تھا جس کے تحت اُس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ مفتی محمد سعید کی بیٹی روبیہ سعید کو 1989 میں اغوا کیا گیا تھا۔
سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ کی جائے گی تاکہ اغوا کی کارروائی اور اُس سے جڑی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے بارے میں مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
0
