0

کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع

سری نگر، 20 فروری (یو این آئی) محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں ماہ رواں کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف و باراں کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں ماہ فروری کے اختتام تک بڑے پیمانے پر برف وباراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 20 سے 25 فروری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 26 فروری کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 27 اور 28 فروری کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ بعد ازاں یکم مارچ سے 3 مارچ تک موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سے 7 مارچ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران دن اور رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
دریں اثنا وادی کے بیشتر جگہوں میں شبانہ درجہ حرارت 0 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد ترین مقام رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں