جموں،20 فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کپوڑہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جمعہ کو اس وقت کشیدگی کی فضا پیدا ہوئی جب پاکستان کی جانب سے نوگام سیکٹر کے توتمار گلی علاقے میں اچانک جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی فوجی چوکیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ دوپہر کے قریب شروع ہوئی اور کچھ وقت تک جاری رہی۔
فوجی حکام نے تصدیق کی کہ پاکستانی پوسٹوں سے کی گئی فائرنگ بلا اشتعال تھی، تاہم بھارتی فوج نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال کو سنبھالا اور کسی قسم کی جوابی اشتعال انگیزی سے گریز کیا۔
دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے اس طرح کی حرکتیں امن کو درہم برہم کرنے کی کوشش ہیں، مگر ہماری فورسز ہر وقت پوری چوکسی کے ساتھ تیار ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خوش قسمتی سے فائرنگ کے دوران کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ فائرنگ کا سلسلہ رکنے کے بعد علاقے میں معمولاتِ زندگی بحال ہو گئے تاہم فوج نے اضافی گشت اور نگرانی بڑھا دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دراندازی یا مزید اشتعال انگیزی کو روکا جا سکے۔
سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے مطابق فائرنگ شروع ہوتے ہی چند منٹ کے لیے خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہوئی، مگر بھارتی فوج کی فوری کارروائی اور بعد میں خاموشی سے حالات دوبارہ معمول پر آگئے۔
0
