0

10جولائی تک جموں وکشمیرمیں کسی بڑی موسمیاتی تبدیلی کاامکان نہیں

4سے7جولائی تک ہلکی سے اعتدال پسند اور کچھ علاقوںمیں موسلادھار بارش کا امکان
خطرناک مقامات پر سیلاب، زمین کھسکنے، مٹی کے تودے اور پتھرگرآنے کے واقعات:موسمیاتی مرکز
سری نگر:۳، جولائی: منگل کے روزگاندربل ،بارہمولہ اور سری نگرمیں ریکارڈ توڑ درجہ حرارت رہنے کے بیچ موسمیاتی ماہرین نے 10جولائی تک رواں موسمی صورتحال میں کسی بڑی تبدیلی کو ناممکن قرار دیا ۔قابل ذکر ہے کہ منگل کے روز سری نگر میں34.6ڈگری سینٹی گریڈدرجہ حرات کیساتھ جولائی کا دوسرا گرم ترین دن ریاجبکہ بارہمولہ میں35.1 اور گاندربل میں منگل کوپارہ37.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس دوران بدھ کے روز بھی گاندربل ،بارہمولہ اور سری نگرسمیت پورا کشمیر شدیدگرمی کی لہرسے اُبلتا رہا ۔ موسمیاتی ماہرین نے بتایا کہ پچھلے دس سالوں میں یہ گرمی ترین دنوںمیں سے ایک تھاکیونکہ18 جولائی 2021کو سری نگر میں پارہ آج کے درجہ حرارت 34.6سے تجاوز کر گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ1973 میں جولائی کے مہینے کی15 تاریخ کو اب تک کا سب سے زیادہ گرم دن ریکارڈ کیا گیا تھا۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی مرکز سری نگر نے بدھ کے روز کہا کہ گرم اور مرطوب موسم کاسلسلہ10 جولائی تک برقراررہنے کے بیچ اس دوران وقفے وقفے سے ہلکی سے اعتدال پسند بارش جاری رہے گی۔موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر 10جولائی تک وقفے وقفے سے ہلکی بارش سے درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیرمیں بکھرے ہوئے مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔ماہر موسمیات ڈاکٹر مختار نے کہاکہ آج یعنی بدھ کو گرم اور مرطوب موسم کے بیچ جموں ڈویڑن کے بکھرے ہوئے مقامات پر رات گئے اور علی الصبح تک گرج چمک کیساتھ بارش ، جبکہ کشمیر ڈویڑن کے چند مقامات پربھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوسکتی ہے۔موسمیاتی مرکز سری نگرکے ڈائریکٹرنے کہاکہ 4جولائی کو جموں ڈویڑن میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش، کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ 5سے6جولائی تک جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ 7جولائی کو جموں ڈویڑن میں الگ تھلگ موسلادھار بارش کے ساتھ کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ ڈاکٹر مختار احمدنے کہاکہ8 سے10 جولائی تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کے بیچ جموں ڈویڑن میں بکھرے ہوئے مقامات پر دیر رات اورصبح تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور کشمیر ڈویڑن کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوںنے خبردارکیاکہ 4سے 6 جولائی کے درمیان چند خطرناک مقامات پر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے اور پتھرگرآنے کے واقعات ہوسکتے ہیں جبکہ موسلادار بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں