0

جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں موسم کروٹ بدلنے لگا اگلے24گھنٹے :کشمیرمیں60فیصد اورجموں خطے میں 85فیصد بارشوں کاامکان

چند مقامات پر شدید سیلاب، زمین کھسکنے ،مٹی کے تودے اور پتھرگرآنے کے واقعات:موسمیاتی مرکز
سری نگر:۵، جولائی:جے کے این ایس : جمعرات کو دیر گئے سری نگرسمیت کچھ علاقوں میں مختصر وقت کیلئے ہلکی سے درمیانی بارش اور شوپیاں میں ژالہ باری ہونے کے باعث جمعہ کو دن کے درجہ حرارت میں قدرے کمی آنے کے بیچ موسمیاتی ماہرین نے اگلے24گھنٹوں کے دوران کشمیرمیں60فیصد اورجموں خطے میں 85فیصد بارشوں کاامکان ظاہر کیا ۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگرکی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ کی سہ پہر اورشام کے وقت کپواڑہ، ٹنگڈار، ہندواڑہ، بانڈی پورہ، کنگن،سونامرگ ، ٹنگمرگ، بڈگام ، پہلگام سمیت جنوبی کشمیر کے کچھ علاقوں، پونچھ، راجوری، رام بن،بانہال اور ریاسی کے کچھ حصوں پر گرج چمک کیساتھ بارش کاسلسلہ شروع ہوگیا ۔جے کے این ایس کے مطابق موسمیاتی مرکز سری نگرنے جمعہ کی صبح تازہ موسم کاری میں بتایاکہ 5اور6 جولائی کو جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ 7جولائی کو بھی کئی مقامات پرگرج چمک کے سا تھ ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔موسمیاتی مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار نے بتایاکہ 8سے10جولائی کے دوران جموں وکشمیرمیں گرم اور مرطوب موسم کے بیچ جموں ڈویڑن کے بکھرے ہوئے مقامات پر دیر رات یاصبح تک بارش اور کشمیر ڈویڑن کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوںنے مزید کہاکہ 11اور12 جولائی کو بکھرے ہوئے مقامات پرگرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کاامکان ہے ۔موسمیاتی مرکز نے جاری ایڈوائزری میں خبردارکیاکہ 5اور6جولائی کے دوران چند خطرناک مقامات پر شدید سیلاب، زمین کھسکنے ،مٹی کے تودے اور پتھرگرآنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں جبکہ موسلادار بارشوں کے نتیجے میں کچھ نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کی عارضی صورتحال ہو سکتی ہے۔اور ساتھ ہی کچھ جگہوں پر درمیانے درجے کے طوفان ،بادل پھٹنے اوربجلی گرنے کا سامنا ہو سکتا ہے۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگرنے جمعہ کو سہ پہر5بجے موسم کی تاز کاری کے حوالے سے جانکاری فراہم کی کہ کپواڑہ، ٹنگڈار، ہندواڑہ، بانڈی پورہ، کنگن،سونامرگ محور، ٹنگمرگ، بڈگام کے کچھ حصوں، پہلگام اور جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں، پونچھ، راجوری، رام بن،بانہال محور اور ریاسی کے کچھ حصوں میں گرج چمک کیساتھ بارش ہونے کاامکان ہے اوراس پیش گوئی کے عین مطابق کئی علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔موسمیاتی مرکز نے خبردارکیاکہ کچھ مقامات پر مختصر مدت کے لیے تیز ہواو ¿ں کے ساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے۔اس دوران کشمیرویدر نامی نجی موسمیاتی گروپ نے ایک بیان میں کہاکہ جمعہ کو رات دیر گئے یا کل صبح بڑے پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔کشمیر اور جموں خطے دونوں کے لیے لاگو ہوتا ہے۔ جموں کے علاقوں میں اس کی شدت بہت زیادہ ہوگی۔کشمیرویدر کے مطابق جموں میں کل یعنی ہفتہ کی صبح تک بارش کا85فیصد امکان ہے جبکہ کشمیر میں ہفتہ کی صبح تک بارش کے 60 امکانات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں