ممبئی، 24 مئی (یو این آئی) بھارتیہ ریزرو بینک (آر بی آئی) نے تین اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں 180 کلوگرام سونا خریدا ہے، جس کی موجودہ مارکیٹ قیمت تقریباً 261 کروڑ روپے ہے۔
مرکزی بینک کے مئی 2026 کے بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ 24 اپریل کو اس کے پاس 880.52 ٹن سونا تھا، جو ایک ماہ قبل جاری ہونے والی رپورٹ کے 880.34 ٹن سے 180 کلوگرام زیادہ ہے۔ یہ اضافہ تین اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں درج کیا گیا تھا۔ ہندوستان میں اس وقت سونے کی قیمت 1.45 لاکھ روپے فی دس گرام یا تقریباً 1.45 کروڑ روپے فی کلوگرام کے قریب ہے۔ اس حساب سے ریزرو بینک کی طرف سے خریدے گئے 180 کلوگرام سونے کی قیمت تقریباً 261 کروڑ روپے بنتی ہے۔
ملک کے غیر ملکی زرِ مبادلہ کے ذخائر (فورین ایکسچینج ریزرو) میں غیر ملکی کرنسی کے اثاثوں (فارن کرنسی ایسٹس) کے بعد سونے کے ذخائر دوسرا سب سے بڑا حصہ ہیں۔ موجودہ وقت میں دنیا بھر میں جاری تجارتی اور جیو پولیٹیکل (جغرافیائی و سیاسی) غیر یقینی صورتحال کے درمیان ریزرو بینک ایک سال میں 940 کلوگرام سونا خرید چکا ہے۔ گزشتہ سال دو مئی کو مرکزی بینک کے پاس 879.58 ٹن سونا تھا۔
قابلِ ذکر ہے کہ کئی ممالک کے مرکزی بینک گزشتہ کچھ عرصے سے سونے کی مسلسل خریداری کر رہے ہیں۔ اس وجہ سے محفوظ سرمایہ کاری مانی جانے والی اس پیلی دھات کی قیمتوں میں زبردست اچھال آیا ہے۔ ریزرو بینک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال اپریل کے آغاز میں سونے کے داموں میں تیزی رہی، تاہم بعد میں ڈالر میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھنے کی وجہ سے سونے کی قیمتوں میں معمولی نرمی دیکھی گئی تھی۔
0
