0

ادھم پور کے سون مجالتا علاقے میں انکاونٹر شروع، علاقے میں گولیوں کا تبادلہ جاری

جموں،15دسمبر(یو این آئی) جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے سون مجالتا علاقے میں پیر کی شام سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان انکاونٹر شروع ہو گیا، جس کے بعد پورے علاقے کو سیل کر کے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں نے شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر اضافی فورسز طلب کر لی ہیں۔
آئی جی جموں بھیم سین توٹی نے تصادم کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ تلاشی و محاصرے کی کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی)، فوج اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مشترکہ ٹیموں نے علاقے کو چاروں اطراف سے گھیر لیا ہے اور آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی فورسز نے مشتبہ مقام کی جانب پیش قدمی کی، وہاں چھپے دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں سیکورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے میں وقفے وقفے سے گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
سیکورٹی حکام کے مطابق علاقے کی حساس نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ قریبی جنگلات اور دشوار گزار مقامات میں بھی تلاشی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ آپریشن کے دوران ڈرونز اور دیگر جدید نگرانی کے آلات کی مدد سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر کے طور پر سون مجالتا اور ملحقہ علاقوں میں نقل و حرکت محدود کر دی ہے اور مقامی لوگوں سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں