واشنگٹن، 23 مارچ (یو این آئی) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایران جنگ کے پس منظر میں اسرائیلی منصوبے کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق اسرائیل کا منصوبہ ایران کے اندر بغاوت بھڑکانا تھا، تاہم اس کی یہ امیدیں دم توڑ گئیں جب کہ اس کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیدوں پر بھی پانی پھر گیا۔
رپورٹ میں ایرانی نظام کے خلاف سازشوں کے بڑے انکشافات کیے گئے اور کہا گیا کہ اسرائیل نے اندرونی بغاوت کے ذریعے نظام گرانے کی کوشش کی، لیکن اس کی یہ حکمت عملی مطلوبہ نتائج نہ دے سکی، اور ایران میں بڑے پیمانے پر عوامی بغاوت کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سخت حکومتی کنٹرول بغاوت کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنی، سیکیورٹی کریک ڈاؤن نے احتجاجی لہر کو محدود رکھا، ایران میں کرد قوتوں کے استعمال پر امریکی دلچسپی کم ہوگئی۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے موساد کی امیدوں پر ایران کے خلاف یہ موقف اپنایا اور ایران میں بغاوت کے امکان کو بنیاد بنا کر امریکا کو قائل کیا گیا۔ امریکی انٹیلی جنس کے مطابق ایرانی حکومت کے خاتمے کا امکان کم تھا۔ اس کے برعکس اسرائیلی خفیہ ایجنسی کو ایران میں بغاوت کی بڑی امید تھی۔
0
