0

ایران کے عوام کو امریکی و اسرائیلی چالوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا: محبوبہ مفتی

سری نگر،16جنوری(یو این آئی) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جمعہ کے روز ایران کے عوام پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور امریکہ و اسرائیل کی چالوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے ایران کی قیادت سے بھی اپیل کی کہ احتجاج کرنے والے عوام کے جائز مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔
محبوبہ مفتی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دیگر ممالک کے وسائل پر نظر رکھتے ہوئے وہاں قیادت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اسے جمہوریت قائم کرنے کا بہانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’یہ بالکل غلط ہے، درحقیقت امریکہ ہمیشہ ان ممالک میں مداخلت کرنا چاہتا ہے کیونکہ وہ وہاں کے وسائل، جیسے ایندھن وغیرہ، پر نظر رکھتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے کئی مسلم ممالک میں اسی بہانے سے مداخلت کی اور دعویٰ کیا کہ عوام پر مظالم ہو رہے ہیں۔ مفتی نے فلسطین کے غزہ میں ہونے والے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑے مظالم وہاں ہو رہے ہیں مگر امریکہ مداخلت نہیں کرتا۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ ایران کے عوام کو امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں کو سمجھنا چاہیے۔’امید ہے کہ ایران کے لوگ سمجھیں کہ امریکہ اور اسرائیل کسی کے دوست نہیں بلکہ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں، اور وہ صرف ان کے وسائل پر نظر رکھتے ہیں۔‘
پی ڈی پی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے عوام امریکہ اور اسرائیل کی چالوں میں پھنس گئے تو ان کی صورتحال شام سے بھی بدتر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر حکومت سے عوام کو کچھ مسائل ہوتے ہیں اور حکومت کو انہیں حل کرنا چاہیے، مگر عوام کو متحد رہ کر بیرونی طاقتوں کی سازشیں ناکام بنانی ہوں گی۔
محبوبہ مفتی نے ایران اور بھارت کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کی طرح ایران کے حق میں مظاہرے پورے ملک میں ہونے چاہیے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر بھی ایران کے ساتھ قریبی تعلق رکھتا ہے، مگر بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد ملک کا نظام بدل گیا اور لوگ اب احتجاج کرنے سے خوفزدہ ہیں۔
طالب علموں کے حوالے سے، جو موجودہ حالات میں ایران میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، مفتی نے بتایا کہ انہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے خصوصی پروازیں چلانے کی درخواست کی ہے تاکہ جموں و کشمیر کے طلبہ کو محفوظ واپس لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں