سری نگر،29دسمبر(یو این آئی) ایس ایس پی کولگام عنایت علی چودھری (آئی پی ایس) نے پیر کے روز نویگ ٹنل کی سکیورٹی، حفاظت اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام متعلقہ سکیورٹی ایجنسیوں اور ہائی وے اتھارٹیز نے شرکت کی۔
میٹنگ میں کمانڈنگ آفیسر 163 بٹالین سی آر پی ایف، اے ایس پی نیشنل ہائی وے قاضی گنڈ، ایس ڈی پی او قاضی گنڈ، ایس ڈی پی او بانہال، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کے نمائندگان، قاضی گنڈ ایکسپریس وے پرائیویٹ لمیٹڈ کے نمائندے اور متعلقہ پولیس افسران موجود تھے۔
اجلاس کے دوران ٹنل کے اندر اور آس پاس پیش آنے والے حالیہ ٹریفک حادثات پر بھی تفصیلی بحث ہوئی۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تیز رفتاری انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور مسافروں سے اپیل کی گئی کہ وہ ٹنل کے اندر مقررہ حد رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی سختی سے پابندی کریں تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
ایس ایس پی کولگام نے میٹنگ کے دوران تمام اداروں کو ہدایت دی کہ سکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاادارہ تعاون میں اضافہ کیا جائے، 24 گھنٹے مؤثر نگرانی رکھی جائے، رسائی کنٹرول سخت کیا جائے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو معیاری عملی طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد کرتے ہوئے بروقت رابطے اور کوآرڈی نیشن کو یقینی بنانا چاہیے۔
اجلاس میں شریک اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ چوکنا رہیں، عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دیں اور ٹنل کی سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور بلا خلل آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھیں۔
0
