0

بہار انتخابات کے پہلے مرحلے میں خواتین اور نوجوانوں کی زبردست شمولیت ’جنگل راج‘ کومستردکرنے کا واضح پیغام: نریندر مودی

اورنگ آبادبھبھوا، 7 نومبر (یواین آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو بہار میں انتخابی مہم کے دوران کہا کہ پہلے مرحلے میں تقریباً 65 فیصد ووٹنگ اور اس میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شمولیت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ لوگ ریاست میں جنگل راج کی واپسی نہیں چاہتے ہیں۔
مسٹرمودی نے اورنگ آباد میں منعقد ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”سورج دیو تا کی اس مقدس سرزمین کو نمسکار اور یہاں موجود تمام شہریوں کا استقبال کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اورنگ آباد قربانی اور ایثار کی سرزمین ہے اور اس مٹی نے انوگرہ بابو جیسے عظیم مجاہدین آزادی کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشرتھ مانجھی بھی اسی علاقے سے تھے، جو بتاتا ہے کہ یہاں کے لوگ کتنے محنتی ہوتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہار میں پہلے مرحلے کی ووٹنگ مکمل ہوچکی ہے اور عوام کے جوش و خروش نے تمام پچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی تاریخ میں یہ اب تک کا سب سے زیادہ شمولیت والا ووٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ووٹنگ کا سہرا بہار کی ماوں، بہنوں اور نوجوانوں کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے جھوٹے وعدوں پر نہیں بلکہ ترقی کے ماڈل پر ووٹ دیا ہے اور اپوزیشن کے جھوٹوں کے پلندے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کا ووٹر نریندر اور نتیش کے ’ٹریک ریکارڈ‘ پر اعتماد کرتے ہوئے ووٹ کر رہا ہے اور پہلے مرحلے کی ووٹنگ صاف بتا رہی ہے کہ ایک بار پھر این ڈی اے کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تئیں لوگوں کا جوش بتارہا ہے کہ وہ کسی حال میں جنگل راج کی واپسی نہیں چاہتے ہیں۔
مسٹرمودی نے کہا کہ انہیں بہار کی باصلاحیت عوام پر پورا بھروسہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے پاس ماں گنگا کا آشیرواد ہے، یہ مٹی زرخیز ہے، یہاں کے لوگ محنتی ہیں اور بہار کو آگے بڑھانے کا عزم حقیقت میں بدل سکتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب 2005 میں بہار نے نتیش کمار کو موقع دیا تھا، اس سے پہلے 15 برس تک آر جے ڈی اور کانگریس کی جنگل راج والی حکومت تھی اور اس کے بعد بھی 9 سال تک مرکز میں آر جے ڈی۔کانگریس کی حکومت تھی، جو بہار کی ترقی نہیں ہونے دینا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب مرکز میں این ڈی اے کی حکومت آئی تو مرکز اور بہار کی ڈبل انجن حکومت نے ریاست کی ترقی پر خصوصی توجہ دی اور پچھلے ادوار کے مقابلے تین گنا زیادہ خرچ کرتے ہوئے بہار کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ آج بہار میں سڑکیں، ریل نیٹ ورک، نئے اسپتال اور نئے کالج بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار انتخابات سے قبل این ڈی اے حکومت نے بہار کے لئے متعدد ترقیاتی وعدے کیے ہیں، جن میں واضح بتایا گیا ہے کہ ریاست کو کس طرح مکمل ترقی یافتہ بنایا جائے گا۔
مسٹر مودی نے کہا کہ این ڈی اے بہار کے ہر خطے اور وہاں کے لوگوں کی ضرورت کے مطابق ترقیاتی ماڈل تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ضروریات کے مطابق زراعت، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کی اسکیمیں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے مختلف اضلاع میں ضرورت کے مطابق صنعتیں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مگدھ خطے میں ہزاروں ایکڑ زمین پر صنعتکاری کا خاکہ تیار کیا گیا ہے اور اس کے لئے بجلی، سڑک اور ریل کا نیٹ ورک تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیا میں بہار کا سب سے بڑا صنعتی راہداری تیار ہو رہا ہے، جس کا فائدہ پورے علاقے کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور نتیش کا ٹریک ریکارڈ عوام کے سامنے ہے اور مودی کا مطلب ہے کہ جو وعدہ کیا ہے اسے پورا کر کے رہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یاد کیجیے ہم نے کہا تھا کہ ایودھیا میں رام مندر بنے گا، اور ہم نے بنا کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ 500 سال سے رکا ہوا کام مودی اور این ڈی اے حکومت نے پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی دیوار بھی این ڈی اے حکومت نے ہی گرائی۔ انہوں نے کہا کہ جب پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ ہوا تھا، اس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ میں نے اسی بہار کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’ون رینک ون پنشن ‘کی کئی دہائیوں پرانی مانگ بھی اسی حکومت نے پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ آج 7 نومبر کو اسے نافذ ہوئے 11 سال مکمل ہو گئے ہیں اور اس سے سبکدوش فوجی بھائیوں کو تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں