0

جموں میں برفباری، بارش کے بعد درجۂ حرارت گرنے سے سردی میں اضافہ

جموں، 16 مارچ (یو این آئی) مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں کشمیر کے جموں خطے کے بلند علاقوں میں تازہ برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے بعد درجۂ حرارت میں کمی آنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔ جموں ضلع میں تاہم زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 19.5 ڈگری اور کم از کم درجۂ حرارت 11.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ افسران نے پیر کے روز بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں بانہال میں کم از کم درجۂ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس، کٹرہ میں 8.8، بھدرواہ میں 3.5 اور کٹھوعہ میں 10.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا عہدیداروں نے بتایا کہ شری ماتا ویشنو دیوی بھون کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہوئی ہے، جبکہ کٹرہ- سنجی چھت ہیلی کاپٹر سروس ژالہ باری اور دھند کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔ ایک ماہرِ موسمیات نے ہفتے بھر کے موسم کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ 20 مارچ تک موسم میں بے قاعدگی برقرار رہنے کا امکان ہے اور کشمیر ڈویژن کے کئی مقامات پر جبکہ جموں ڈویژن کے بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اور 16 مارچ کو کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش یا بلند علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے، جو آج قبل از دوپہر تک جاری رہ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 مارچ کو جزوی طور پر بادل چھائے رہیں گے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے اور 18 سے 20 مارچ کے دوران عموماً بادل چھائے رہیں گے اور کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے، جو عموماً رات یا صبح کے وقت ہو سکتی ہے۔ ریاست میں 21 سے 23 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ 24 اور 25 مارچ کو عموماً بادل چھائے رہیں گے اور کہیں کہیں ہلکی بارش یا بلند علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بلند علاقوں اور اہم درّوں سے سفر کرنے والے مسافروں، ٹرانسپورٹروں اور عام لوگوں کو موسم کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔کیونکہ 15، 16، 18 اور 20 مارچ کو بعض مقامات پر گرج چمک یا 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کسانوں کو 15 سے 20 مارچ تک زرعی کام بند رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں