0

جموں میں بین الاقوامی سرحد کے آس پاس علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن

جموں،11جنوری(یو این آئی) جموں کے بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے نزدیک واقع حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع اور منظم تلاشی آپریشن شروع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کرکے ممکنہ فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیٹلائٹ فون سگنل ٹیرس ہونے کے بعد جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ ، بارڈر سیکورٹی فورس ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے کناچک اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کیا۔
کناچک کو ماضی میں بھی دراندازی کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ یہ علاقہ جموں شہر کے مضافات میں واقع ہے اور صرف ایک کلو میٹر کے فاصلے پر بین الاقوامی سرحد سے جڑا ہوا ہے، جو اسے سیکیورٹی کے نقطۂ نظر سے انتہائی حساس بناتا ہے۔ سرحد پار سے آنے والی مشتبہ سرگرمیوں کے کئی واقعات یہاں پہلے بھی درج ہو چکے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے، متعدد دیہات اور کھیتوں میں سرچ آپریشن جاری ہے، جب کہ کمانڈوز اور ڈرونز کی مدد سے بھی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی مشکوک حرکت نظرانداز نہ ہو جائے۔ مقامی لوگوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔
اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں صرف کناچک تک محدود نہیں، بلکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جموں خطے میں تلاشی آپریشنز کو مجموعی طور پر تیز کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں