جموں،25 دسمبر(یو این آئی) جموں پولیس نے جمعرات کے روز دو مطلوب مجرموں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے پونچھ جیل منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے اور بار بار عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد دوبارہ جرائم میں سرگرم ہوجاتے تھے۔
گرفتار شدہ ملزمان کی شناخت پرمجیت کمار عرف جنگی ساکن آر ایس پورہ اور شبھم سینی عرف منڈی ساکن آرنیا کے طور پر کی گئی ہے۔
سرکاری ترجمان نے بتایا کہ پرمجیت کمار کے خلاف ضلع مجسٹریٹ جموں نے باقاعدہ حراستی احکامات جاری کیے، جس کے بعد اسے پونچھ ڈسٹرکٹ جیل منتقل کیا گیا۔ شبھم سینی، جس پر گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی فوجداری مقدمات درج ہیں، کو بھی پی ایس اے کے تحت حراست میں لے کر اسی جیل میں رکھا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان عدالتوں سے بار بار ضمانت حاصل کرکے دوبارہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہورہے تھے، جس کے پیش نظر ان کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کارروائی ناگزیر ہوگئی تھی۔
0
