جموں، 4 جنوری (یو این آئی) یوم جمہوریہ کی تقریبات اور سخت حفاظتی انتطامات کے پیش نظرجموں پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران ضلع میں کرایہ داروں کی تصدیق لازمی کرنے والے ضلع مجسٹریٹ کے احکامات کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کرنے کے الزام میں سات افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن باہو فورٹ نے ضلع مجسٹریٹ جموں کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر مکان مالکان کے خلاف بی این ایس کی دفعہ 223 کے تحت 5 مقدمات درج کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مکان مالکان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے رہائشی مکانات میں پولیس تصدیق کے بغیر کرایہ دار رکھے ہیں۔
بیان کے مطابق باہو فورٹ پولیس اسٹیشن میں جن لوگوں کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ان کی شناخت بہار احمد نائک ولد غلام نبی نائک ساکن کھاڑی رام بن حال پلی ہل بٹھنڈی، قیصر نظامی ولد محمد امین نظامی ساکن فردوس کالونی سری نگر حال پلی ہل بٹھنڈی جموں، عمر جان ولد غلام نبی بٹ ساکن ہائوسنگ کالونی بمنہحال مکان نمبر159 – ڈی پلی ہل بٹھنڈی، سجاد احمد ولد محمد ایوب ساکن ڈوڈہ حال بٹھنڈی نالہ، برمنی روڈ بٹھنڈی اور صدام حسین ولد عبد المجید شیخ ساکن رام بن حال بٹھنڈی نالہ کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن چھنی نے دو مقدمے درج کئے ہیں۔
جن کے خلاف مقدمے درج ہوئے ہیں ان کی شناخت عبدالطیف ساکن بٹیاس، گندوہ، بھلیسہ، ڈوڈہ حال وارڈ نمبر 74، گلی نمبر 110، گجر کالونی، چنی ہمت، جموں اور سہیل قاسم ساکن مکان نمبر 5، گجر ہمت، جموں کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ مقدمے معمول کی تصدیقی اور نفاذی کارروائی کے تحت درج کئے گئے ہیں تاکہ کرایہ داروں کی تصدیق سے متعلق ہدایات پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے ایک بار پھر تمام مکان مالکان سے اپیل کی کہ وہ کرایہ داروں کی تصدیق سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل کریں اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
0
