0

جموں و کشمیر اسمبلی میں شدید ہنگامہ آرائی؛ ’انقلاب زندہ باد‘ اور ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعروں سے ایوان گونج اٹھا

جموں،4 فروری(یو این آئی) جموں و کشمیر اسمبلی میں اس وقت شورشرابے کے مناظر دیکھنے کو ملے جب ایوان میں اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے اراکین آمنے سامنے آ گئے اور یکے بعد دیگرے نعرے بازی سے ماحول خاصا کشیدہ ہوگیا۔ اپوزیشن بینچوں سے زور دار انداز میں ’انقلاب زندہ باد‘ کے نعرے لگائے گئے، جبکہ بی جے پی اراکین نے اسی جوش کے ساتھ ’بھارت ماتا کی جئے‘ کہہ کر جواب دیا، جس سے ایوان شور و غوغا کا مرکز بن گیا۔
ایوان میں یہ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب پیر پنچال کے ممبرانِ اسمبلی نے ایوان میں دیے گئے ایک ریمارک پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی سے قبل معافی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج شدت اختیار کرتا گیا اور نوبت نعرے بازی تک جا پہنچی، جس نے کارروائی کو مکمل طور پر متاثر کیا۔
اسپیکر نے متعدد بار دونوں جانب کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کو چلنے دیں، تاہم جذباتی ماحول میں کوئی بھی فریق پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھا۔ اراکین کے درمیان بڑھتی ہوئی لفظی گرمی اور نعرے بازی کے باعث کارروائی کو بار بار روکنا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں