بالائی علاقوں میں برفباری، گریز روڈ پر برفانی تودے، مغل روڈ ٹریفک کیلئے بحال
درجہ حرارت میں کمی، وادی میں سردی کی واپسی، عوام نے دوبارہ گرم کپڑپہن لیے
سرینگر//23مارچ/ جموں و کشمیر میں ایک تازہ مغربی ہوا کا سلسلہ داخل ہونے کے باعث آج سے موسم میں تبدیلی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں وادی کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ڑالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس سے معمولات زندگی، سڑک اور فضائی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ادھر پیر کے روز سونہ مرگ، زوجیلا پاس اور دیگر بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور کئی علاقوں میں برف کی نئی تہہ جم گئی۔یو این ایس کے مطابق وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بالائی علاقوں سمیت گمری، شیطانی نالہ، پنچ ترنی، زیرو پوائنٹ، منی مرگ اور دراس کرگل میں بھی برفباری ہوئی، جس سے خاص طور پر سرینگر-لیہہ شاہراہ پر آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔حکام کے مطابق صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر موسم مزید خراب ہوا تو ٹریفک کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گریز روڈ پر دو برفانی تودے گرنے سے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔ حکام کے مطابق یہ تودے سڑک کے اہم حصوں پر گرے جس سے گریز وادی کا رابطہ عارضی طور پر منقطع ہو گیا۔بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے برف ہٹانے کا کام شروع کیا اور تقریباً 56 ٹیمیں اس آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ سڑک کو جلد بحال کیا جا سکے۔حکام نے مسافروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ حالات معمول پر آنے تک اس سڑک پر سفر سے گریز کریں۔ادھر اہم متبادل شاہراہ مغل روڈ کو تقریباً 10 دن بعد ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ یہ 84 کلومیٹر طویل سڑک جنوبی کشمیر کے شوپیان کو جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع سے جوڑتی ہے۔افسران کے مطابق موسم بہتر ہونے کے بعد برف ہٹانے کا کام مکمل کیا گیا، جس کے بعد مسافر اور مال بردار گاڑیوں کو دونوں اطراف سے چلنے کی اجازت دے دی گئی۔مقامی لوگوں نے سڑک کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سفر میں آسانی پیدا ہوگی اور طبی و دیگر ضروریات کیلئے نقل و حمل بہتر ہو سکے گی۔محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو خاص احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں درجہ حرارت میں اچانک کمی کے باعث ایک بار پھر سردی کی شدت محسوس کی جا رہی ہے، جس پر لوگوں نے دوبارہ گرم اور اونی کپڑے نکال لیے ہیں۔ بازاروں میں بھی سردی کے ملبوسات کی مانگ میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ لوگ صبح و شام کے اوقات میں خاص احتیاط برت رہے ہیں۔
