0

خصوصی پوزیشن اور مکمل ریاستی درجہ عوام کے دلوں کے قریب، مرکزی حکومت عوامی احساسات کا احترام کرے: تنویر صادق

سری نگر،15دسمبر(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن قانون ساز اسمبلی زڈی بل تنویر صادق نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی تاریخی ریاست کو طویل عرصے تک مرکزی زیر انتظام علاقہ بنائے رکھنا نہ صرف ملک کے آئین بلکہ جمہوری اقدار کے بھی منافی ہے۔
انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ بحال کرے اور 5 اگست 2019 کو عوام سے چھینے گئے آئینی حقوق کی بحالی کا عمل فوری طور پر شروع کرے۔
ان باتوں کا اظہار تنویر صادق نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر میں معزز شہریوں، مختلف عوامی وفود، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور پارٹی عہدیداروں سے تبادلۂ خیال کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں پائیدار امن، سیاسی استحکام اور حقیقی معنوں میں تعمیر و ترقی اسی وقت ممکن ہے جب ریاستی درجہ مکمل طور پر بحال ہو اور منتخب حکومت کو بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے کا اختیار حاصل ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی معاشی اور اقتصادی حالت میں بہتری بھی اسی صورت میں ممکن ہے۔
تنویر صادق نے واضح کیا کہ خصوصی پوزیشن اور مکمل ریاستی درجہ کی بحالی جموں و کشمیر کے عوام کا سب سے بڑا اور بنیادی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے انتخابات میں کامیابی کے فوراً بعد اپنے پہلے کابینہ اجلاس میں ریاستی درجہ کی بحالی کی قرارداد منظور کرکے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے سپرد کی۔ اس کے علاوہ اسمبلی کے پہلے ہی بزنس کے طور پر جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن اور آئینی ضمانتوں کی بحالی کے حق میں دوتہائی اکثریت سے قرارداد منظور کی گئی، جسے متعلقہ حکام تک بھی پہنچایا گیا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مرکزی حکومت ریاستی درجہ بحال کرنے سے مسلسل گریزاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی جموں و کشمیر کے عوام کے احساسات، جذبات اور اُمنگوں کو طویل مدت تک نظر انداز نہیں کر سکتی، کیونکہ اس کے سنگین اور منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی اپنی جمہوری جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے گی اور ہر حال میں جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں نیشنل کانفرنس حکومت دن رات عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں مصروف ہے، سرکاری مشینری کو عوامی خدمت کے لیے وقف کیا گیا ہے اور عوامی مسائل و مشکلات کے حل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔
یو این آئی، ارشید بٹ

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں