سری نگر،19نومبر(یو این آئی)دہلی میں حالیہ دھماکے کے بعد مرکز زیر انتظام علاقے میں غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے تحت جموں و کشمیر پولیس اور اسپتال انتظامیہ نے بدھ کے روز ضلع اسپتال شوپیاں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹر زینہ پورہ میں ڈاکٹروں اور عملے کے لاکرز کی مشترکہ تلاشی کارروائی انجام دی۔ یہ مہم احتیاطی سلامتی اقدامات کے سلسلے میں اس لیے شروع کی گئی تاکہ اسپتالوں کے اندر موجود کسی بھی لاوارث یا غیر شناخت شدہ لاکر کو بروقت چیک کیا جا سکے اور ان سہولیات کو کسی بھی غلط استعمال سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور اسپتال عملے کی مشترکہ ٹیموں نے تمام لاکرز کی تفصیلی جانچ کی، ان کے استعمال، دستاویزی ریکارڈ اور تفویض کردہ افراد کی شناخت کی تصدیق کی۔ تلاشی کے دوران ایسے لاکرز جن پر مناسب شناخت موجود نہیں تھی یا جن کے مالک واضح نہیں تھے، ان کی نشاندہی کرکے ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے تاکہ ان کے حوالے سے مزید کارروائی کی جا سکے۔ اسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام لاکرز کا تازہ ریکارڈ تیار کرے، شناختی اصولوں کو سختی سے نافذ کرے اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ صورتحال سے بچنے کے لیے جامع نگرانی کا نظام برقرار رکھے۔
پولیس نے کہا کہ یہ اقدامات عوامی سلامتی اور ادارہ جاتی سکیورٹی کو مضبوط بنانے کی غرض سے کیے جا رہے ہیں، تاکہ کسی بھی مبینہ ملک دشمن سرگرمی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
جموں و کشمیر پولیس نے تمام اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، اپنے احاطے میں کسی بھی مشکوک سرگرمی پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی غیر معمولی چیز کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں، کیونکہ ایسے احتیاطی اقدامات ہی امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
0
