سری نگر، 27 ستمبر (یو این آئی) کرائم برانچ کشمیر کی خصوصی کرائم ونگ نے وسطی کشمیر کے سری نگر اور بڈگام اضلاع میں پانچ مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں انجام دیں۔
یہ تلاشی کارروائیاں ایک دھوکہ دہی کے ایک مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں انجام دی گئیں۔
برانچ کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرائم برانچ کشمیر کی خصوصی سپیشل کرائم ونگ سری نگر اور بڈگام اضلاع میں پانچ مختلف مقامات پر تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک شکایت پر درج کیا گیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ شکایت کنندہ کو زمین کی فروخت کے بہانے دھوکہ دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ کو زمین کے وہ دستاویزات فراہم کئے گئے جو بظاہر درست دکھائی دے رہے تھے اور اسی بنیاد پر اس نے لاکھوں روپیے ادا کئے تاہم بعد ازاں یہ انکشاف ہوا کہ زمین بیچنے والوں کی ملکیت ہی نہیں تھی، اور یہ بات تحقیقات کے دوران ثابت بھی ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں گھروں کی تلاشی اور مزید تحقیقات جاری ہے۔