نئی دہلی، 9 جنوری (یواین آئی) ہندوستان نے پاکستان کے اس تبصرے کو واضح طور پر مسترد کردیا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے لیے ہندوستان پابند ہے، کہا کہ یہ معاہدہ معطل ہے اور اس وقت تک معطل رہے گا جب تک پاکستان سرحد پار دہشت گردی پر اپنا موقف تبدیل نہیں کرتا۔
جمعہ کو یہاں ہفتہ وار بریفنگ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہاکہ “ہندوستان نے سندھ آبی معاہدے پر اپنی پوزیشن کو بارہا واضح کیا ہے۔ یہ معاہدہ معطل ہے اور اس وقت تک معطل رہے گا جب تک کہ پاکستان سرحد پار سے دہشت گردی کی سرگرمیاں معتبر طریقے سے بند نہیں کرتا۔”
قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے لیے ہندوستان پابند ہے اور یہ دریائے چناب اور جہلم پر ہندوستان کے ترقیاتی منصوبوں کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گا۔
پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کردیا۔ ہندوستان نے کہا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔ ہندوستان نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ معاہدہ اس وقت تک معطل رہے گا جب تک پاکستان سرحد پار دہشت گردی کی حمایت بند نہیں کرتا۔
راجدھانی دہلی کے ترکمان گیٹ علاقے میں غیر قانونی قبضوں کو ہٹانے پر پاکستان کے تبصرے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مسٹر جیسوال نے کہا کہ پاکستان کو پہلے غور کرنا چاہیے کہ وہ اقلیتوں کے ساتھ کیسا سلوک کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ظلم ہو رہا ہے۔
0
