0

سوشل میڈیا پر علیحدگی پسند مواد کی تشہیر: شوپیاں پولیس کی فوری کارروائی، ایف آئی آر درج

سری نگر،12نومبر(یو این آئی)سوشل میڈیا پر علیحدگی پسند رجحانات کو فروغ دینے والے ایک ویڈیو کلپ کے وائرل ہونے کے بعد شوپیاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فیس بک پیج ’وائس آف ہیومینٹی‘ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 109/2025 تھانہ زینہ پورہ میں درج کی گئی ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ ویڈیو میں کچھ بیانات ایسے شامل تھے جو عوامی نظم و نسق کو متاثر کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کے امکانات رکھتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، شوپیاں پولیس اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ ایسے افراد کے خلاف سخت قدم اٹھایا جا سکے جو سوشل میڈیا کو نفرت یا انتشار پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں، خاص طور پر لال قلعہ دھماکے جیسے حساس واقعات کے تناظر میں غیر ذمہ دارانہ یا اشتعال انگیز پوسٹس سے گریز کریں۔
پولیس نے خبردار کیا کہ نفرت انگیز، گمراہ کن یا علیحدگی پسند مواد کو شیئر کرنے یا فروغ دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شوپیاں پولیس نے اپنے بیان میں کہا:’ہم شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال امن، بھائی چارے اور عوامی نظم کے فروغ کے لیے کریں۔ کسی بھی ایسے مواد کو پھیلانے سے گریز کریں جو انتشار یا غلط فہمی پیدا کرے۔‘
پولیس نے یقین دلایا کہ وہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں