جموں، 21 دسمبر: (عقاب نیوز) وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم، سکینہ اِیتونے آج جموں کے گورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگر میں قومی یومِ حفاظتی ٹیکہ کاری (پولیو ڈے) کا افتتاح کرتے ہوئے جموں و کشمیر بھر میں پلس پولیو مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔
اس موقع پر وزیر موصوفہ نے خود بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کی شروعات کی، جو کہ ریاست بھر میں پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم کی علامت ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ اِیتو نے معمول کی حفاظتی ٹیکہ کاری اور عوامی شراکت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جموں و کشمیر کی پولیو فری حیثیت کو برقرار رکھنے کے لیے والدین اور سرپرستوں کا تعاون نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا،
“اس مہم کے دوران ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانا ماں ہی نہیں بلکہ دونوں والدین کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔”
وزیر صحت نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیو فری جموں و کشمیر کا حصول اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے آشا ورکرز، آنگن واڑی کارکنان، رضاکاروں اور ضلعی صحت ٹیموں کی خدمات کی ستائش کی جو دور دراز اور حساس علاقوں تک پہنچ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں تک پہنچنا ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے اسے کامیابی سے انجام دیا۔
وزیر نے مزید بتایا کہ اس مہم کے تحت جموں و کشمیر بھر میں تقریباً 11 ہزار پولیو بوتھ قائم کیے گئے ہیں، جن میں 40 ہزار سے زائد صحت کارکنان اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ تقریباً 20 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی ٹیکہ کاری بوتھ، موبائل ٹیمیں اور گھر گھر جا کر قطرے پلانے کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ مؤثر نگرانی کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ مہم کی کامیاب عمل آوری یقینی بنائی جا سکے۔
اس موقع پر ایم ایل اے وکرم رندھاواے کہا کہ قومی پولیو مہم حکومت کی صحت عامہ پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، جو آنے والی نسلوں کے تحفظ اور بیماریوں کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے والدین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں۔
سیکریٹری صحت، ڈاکٹر سید عابد رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو فری بھارت کی حیثیت، جو ملک نے 2014 میں حاصل کی، کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
تقریب میں اسٹیٹ ہیلتھ ایجنسی کے سی ای او اننتھ دویدی، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس سجاد حسین گنائی، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سمیتا سیٹھی، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر و امیونائزیشن ڈاکٹر پونم سیٹھی، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر عبد الحمید زرگر کے علاوہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، صحت کارکنان اور بڑی تعداد میں مقامی شہری اور بچے موجود تھے۔
—
