جموں، 10 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے لیے روپ وے منصوبے کو منظوری دینے میں وزراتی کونسل کا کوئی کردار نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ‘ریکارڈ چیک کرنے کے بعد پتہ چلا کہ اس منصوبے کی منظوری میں ان کی کابینہ کا کوئی رول نہیں تھا وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ایک رکن اسمبلی نے کہا تھا کہ کابینہ نے روپ وے منصوبے کی منظوری دی ہے، میں نے ریکارڈ چیک کیا تو معلوم ہوا کہ کابینہ نے اس کی منظوری نہیں دی، یہ بھی انتظامی کونسل کا فیصلہ نہیں ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو لیفٹیننٹ گورنر نے ستمبر 2024 میں منتخب حکومت کی تشکیل سے قبل منظوری دی تھی۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ دونوں ہاؤس اور لوگوں کو اس معاملے میں گمراہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا: ‘موصوف رکن اسمبلی نے جذبات میں آکر استعفیٰ دینے کی بھی دھمکی دی’۔
