0

لداخ میں امن و قانون کی صورتحال، ایل جی کویندر گپتا کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس

لہیہ،یکم اکتوبر(یو این آئی) لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے بدھ کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں یونین ٹریٹری میں امن و قانون کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری ڈاکٹر پون کوتوال، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال، ڈپٹی کمشنر لیہہ، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سنجے کمار اور دیگر اعلیٰ فوجی و سول افسران شریک ہوئے۔
پولیس کے سینئر آفیسران نے لیفٹیننٹ گورنر کو موجودہ سیکیورٹی منظرنامے اور گزشتہ دنوں اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں اور لوگوں کے تعاون سے خطے میں امن و سکون قائم رکھنے میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان باہمی اعتماد ہی وہ بنیاد ہے جس سے لداخ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے میٹنگ کے دوران زخمی شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کی صحت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی کہ متاثرین کو بہترین علاج فراہم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی زخمی کو جدید طبی سہولیات کے لیے ریاست سے باہر بھیجنے کی ضرورت پڑے تو انتظامیہ ہر ممکن انسانی اور مالی معاونت فراہم کرے تاکہ کوئی بھی شہری علاج کی کمی یا مالی دشواری کا شکار نہ ہو۔
کویندر گپتا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور غلط معلومات پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر امن و امان میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن عوام کو ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے ان کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر امن، بھائی چارے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنائیں گی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ احتیاطی طور پر عائد کی گئی پابندیاں حالات معمول پر آتے ہی مرحلہ وار ہٹا دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ لداخ کے عوام نے جس صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے اور یہی تعاون اس خطے کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر آگے لے جائے گا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر شری کویندر گپتا نے کہا: ’امن اور ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انتظامیہ کی پوری کوشش ہے کہ لداخ میں ایک ایسا ماحول قائم کیا جائے جس میں عوام کو نہ صرف سلامتی بلکہ ترقی کے یکساں مواقع بھی فراہم ہوں۔ عوام کے تعاون سے لداخ ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔‘
اس اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد یہ پیغام واضح ہے کہ لداخ انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے امن کی بحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہیں اور آنے والے دنوں میں حالات کے مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں