سری نگر،15نومبر(یو این آئی) جموں و کشمیر حکومت نے نوگام پولیس اسٹیشن میں پیش آئے المناک حادثاتی دھماکے کے متاثرین کے لیے بڑے مالی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایات پر چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے ہر ہلاک شدہ شخص کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے جبکہ ہر زخمی کو 1 لاکھ روپے بطور ایکس گریشیا امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیر صحت و میڈیکل ایجوکیشن سکینہ ایتو نے آج سرینگر کے اَجالا ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک انتہائی دلخراش سانحہ ہے۔ گزشتہ رات پیش آئے دھماکے میں نو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ قریب 30 افراد زخمی ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ہر لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور ہر زخمی کو 1 لاکھ روپے دیا جائے گا۔
محترمہ سکینہ ایتو نے بتایا کہ کچھ زخمیوں کو پہلے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لایا گیا تھا جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد چھٹی دے دی گئی، جبکہ تقریباً 20 زخمیوں کا علاج اَجالا ہسپتال میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا:’اللہ کا شکر ہے کہ زیادہ تر زخمیوں کی حالت بہتر ہے۔ ایک یا دو مریض آئی سی یو میں ہے مگر سب کی حالت اس وقت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔‘
وزیر نے حادثے کے فوراً بعد طبی عملے کی بھرپور کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا:’اَجالا ہسپتال کی میڈیکل ٹیم نے قابلِ ستائش کام کیا۔ سی ایم او آفس اور ایس ایم ایچ ایس کے ڈاکٹر بھی فوراً موقع پر پہنچے اور رات بھر علاج معالجے کا سلسلہ جاری رکھا۔ ان کی بروقت کوششوں نے یقیناً کئی جانیں بچائیں۔‘
محترمہ سکینہ ایتو نے مزید بتایا کہ وہ کئی ہلاک شدگان کے گھروں پر بھی گئیں اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔
انہوں نے کہا:’یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت پوری طرح متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مالی امداد فوری طور پر فراہم کی جا رہی ہے۔‘
0
