0

نیشنل کانفرنس کے فیصلے حیران کن: ہارے ہوئے امیدوار کو کابینہ رینک اور بیٹے کو ریاستی ایوارڈ: اشوک کول

سری نگر،8 فروری (یو این آئی) بی جے پی کے جنرل سیکریٹری آرگنائزیشن اشوک کول نے جموں و کشمیر سرکار اور نیشنل کانفرنس کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے، موجودہ سرکار نے اُن میں سے کسی پر بھی عملی قدم نہیں اٹھایا، جس سے عوامی ناراضگی میں اضافہ ہورہا ہے۔
اشوک کول نے کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی میں پیش کیا گیا بجٹ عوامی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ ان کے مطابق نیشنل کانفرنس نے انتخابات کے دوران بڑے بڑے اعلانات کئے تھے، مگر اقتدار میں آنے کے بعد وہ وعدے پسِ پشت ڈال دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے الیکشن سے قبل سبھی گھرانوں کو مفت گیس سلنڈر فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن اب سرکار صرف اے اے وائی زمرے والوں کو ہی سلنڈر دینے کی بات کر رہی ہے، جو عوام کے ساتھ کھلا دھوکہ ہے۔
اسی طرح، اشوک کول کے مطابق این سی نے دعویٰ کیا تھا کہ دو سو یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی، مگر اس وعدے پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوا، جس سے عوام میں بے چینی اور مایوسی پھیل رہی ہے۔
بی جے پی لیڈر نے نیشنل کانفرنس کے حالیہ فیصلوں پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر اسلم وانی، جو الیکشن میں ہارے ہوئے امیدوار ہیں، انہیں کابینہ وزیر کے برابر درجہ دیا گیا ہے، جبکہ ان کے بیٹے کو ریاستی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اشوک کول نے اسے ’حیران کن‘ اور ’عوامی توقعات کے برعکس‘ فیصلہ قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس نے حکومت سازی کے بعد وہ اقدامات نہیں کئے جن کی عوام کو امید تھی۔’این سی کو جو کرنا تھا وہ نہیں کر رہے، ایسے فیصلے لئے جا رہے ہیں جو عوامی مفاد کے خلاف ہیں،‘
بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ یہ تمام فیصلے اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیشنل کانفرنس نے عوامی مسائل کو نظرانداز کیا ہے اور انتخابی وعدوں کو صرف سیاسی فائدے کے لئے استعمال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں