سری نگر،3 اکتوبر(یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے اپنی انسدادِ منشیات مہم کو جاری رکھتے ہوئے جمعہ کے روز وادی کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں انجام دیں جس دوران پانچ عادی منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔ پولیس ترجمان کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں اطلاع ملنے پر پولیس نے سہ گنڈ سلر علاقے میں غلام نبی بٹ کے مکان پر چھاپہ مارا، جس دوران 24 کلو 700 گرام بھنگ (گانجا) ضبط کر کے بٹ کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں پولیس نے کیرن علاقے سے تعلق رکھنے والے طاریق سجاد خان کو دورانِ تلاشی گرفتار کر کے اُس کے قبضے سے بڑی مقدار میں چرس جیسا مادہ برآمد کیا۔ وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں مخصوص اطلاع پر ہاکرمولہ کے مقام پر ناکہ قائم کیا گیا۔ دو مشتبہ افراد پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش میں تھے تاہم فوری کارروائی کے دوران اُنہیں دھر لیا گیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت محمد یاسین راتھر ساکن نصراللہ پورہ اور مظفر احمد ملک ساکن سوئیہ بوگ کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے بتایا کہ اُن کے قبضے سے 7.63 گرام ہیروئن جیسا نشہ آور مادہ برآمد کیا گیا۔ دریں اثنا جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں چر سو گاؤں کے ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران 16 کلو بھنگ پاؤڈر اور 26 گرام چرس ضبط کی گئی جبکہ مکان مالک عاقب رشید شیخ کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ وادی میں منشیات کے خلاف جنگ پوری شدت کے ساتھ جاری ہے اور اس لعنت کے خلاف کسی بھی صورت نرمی اختیار نہیں کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سماجی لعمنت کے خلاف پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ایک منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دینے میں کردار ادا کریں۔
0
