0

وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی کے نئے معیارات قائم کر رہا ہے:لیفٹیننٹ گورنر منوج

منشیات کے خلاف عوامی تحریک چلانے اور ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو حقیقت بنانا لازمی//لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا

سرینگر//30مارچ/ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہانے پیر کے روز کہا ک”وندے ماترم ہماری شناخت، ہماری طاقت اور ہمارا عہد ہے اور یہ محض اشعار نہیں بلکہ ہماری تہذیب کا ایک گہرا تجربہ ہے جو ہمیں شہداءکی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور ملک کی عظمت کے لیے ہمارے عزم کو تازہ کرتا ہے۔“ یو این ایس کے مطابق وہ جموں کے ابھینو تھیٹر میں “وندے ماترم @150 سال کے تحت منعقد خصوصی مرحلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو 23 مارچ سے 30 مارچ 2026 تک شہیدی دیوس کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد تحریک آزادی کے عظیم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں وندے ماترم کے تئیں عوامی جوش و جذبہ اس بات کا مظہر ہے کہ یہ خطہ گزشتہ چند برسوں میں مشکلات سے نکل کر قومی دھارے میں شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی کے نئے معیارات قائم کر رہا ہے اور “ہر گھر ترنگا” جیسے اقدامات حب الوطنی کے جذبے کو مزید تقویت دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وندے ماترم مہم کے پہلے مرحلے (نومبر 2025) میں ملک کے سرفہرست 10 اضلاع میں سے 9 جموں و کشمیر سے تھے، جبکہ دوسرے مرحلے (جنوری 2026) میں بھی 6 اضلاع نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ ان کے مطابق یہ عوامی شرکت مستقبل میں مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حقیقی حب الوطنی امن اور ترقی کی بنیاد ہے اور ہر شہری کو قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “وندے ماترم ہمیں ماضی کا احترام، حال کو مضبوط بنانے اور روشن مستقبل کی تعمیر کا درس دیتا ہے۔انہوں نے عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا گزشتہ دہائی میں مختلف بحرانوں کا شکار رہی، لیکن بھارت نے مضبوط قیادت کے تحت تیز رفتار ترقی کا سفر جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ملک کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اور ہمیں بھی اسی عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقع پر سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف مہم کو عوامی تحریک میں تبدیل کریں اور جموں و کشمیر کو “نشہ مکت” بنانے کے لیے متحد ہو جائیں۔تقریب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے مجاہدین آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایک تصویری نمائش کا بھی معائنہ کیا جس میں ان کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے فنکاروں اور کلسٹر یونیورسٹی جموں کے طلبہ نے حب الوطنی پر مبنی دلکش پروگرام پیش کیے۔تقریب میں اراکین اسمبلی، اعلیٰ سرکاری افسران، ماہرین تعلیم، معزز شہریوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے پروگرام کو مزید وقار حاصل ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں