0

وزیر اعظم نے دفعہ 370 ہٹا کر پنڈت دین دیال اپادھیائے کا خواب پورا کیا: راجناتھ سنگھ

لکھنؤ:25 دسمبر(یواین آئی) وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کر کے پنڈت دین دیال اپادھیائے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی وحدت اور سالمیت کے لیے پنڈت دین دیال اپادھیائے اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی تھی۔ ‘راشٹر پریرنا استھل’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو اب تک دنیا کے 29 ممالک کا اعلیٰ ترین اعزاز مل چکا ہے جو کہ عالمی سطح پرہندوستان کے بڑھتے ہوئے وقار کی علامت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ہندوستان نے اپنی عظیم شخصیتوں کی یادوں کو محفوظ کرنے اور ان کے نقش قدم پر چلنے کو اپنا بنیادی اصول بنایا ہے۔ راجناتھ سنگھ نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مکھرجی کی قربانی رائیگاں نہیں گئی اور مودی حکومت ان کے نظریات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔
انہوں نے معاشی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کی ترقی کی شرح 8 فیصد سے زیادہ ہے اور مہنگائی کی شرح میں ریکارڈ کمی آئی ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حکومت نے دیہی علاقوں اور کسانوں کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے جس کے تحت اب منریگا کے مزدوروں کو 100 کے بجائے 125 دن کا روزگار فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں