0

ٹرمپ کی وائرل ویڈیو میں پاکستان کو دھمکی؟

واشنگٹن، 18 مارچ (یو این آئی) سوشل میڈیا پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب ایک اے آئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ایران امریکہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو خبردار کیا ہے۔
وائرل 51 سیکنڈ کی ویڈیو میں مبینہ طور پر ٹرمپ کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ پاکستان نے اسرائیل اور امریکہ کو خبردار کیا ہے، کیونکہ اسرائیل نے غلطی سے کہا کہ پاکستان ایران کے بعد دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان اپنی فضائی، زمینی اور سمندری افواج کے ساتھ پوری طرح چوکس ہے۔
وائرل ویڈیو میں ٹرمپ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر دوبارہ حملہ کیا تو پاکستان اسرائیل کو تباہ کردے گا، لیکن میں جو کہتا ہوں وہ یہ ہے کہ پاکستان کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
ٹرمپ نے مبینہ طور پر ویڈیو میں کہا کہ پاکستان کو ہمارے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، ان کی فوج پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے، میرے خیال میں پاکستان کو اس میں شامل نہیں ہونا چاہیے، یہ اسرائیل اور ایران کی جنگ ہے، ہمیں خطے میں امن کی ضرورت ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر ہزاروں بار دیکھی اور شیئر کی جا چکی ہے۔
تحقیقات کے مطابق یہ ویڈیو جعلی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ٹولز سے تیار کی گئی ہے۔
ٹرمپ نے ایران پر حملہ ایپسٹن اسکینڈل سے توجہ ہٹانے کیلئے کیا، نصف امریکیوں کا دعویٰ
اصل ویڈیو 30 مئی 2025ء کی ہے، جب ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایلون مسک کے ساتھ پریس کانفرنس کی تھی، اس اصل ویڈیو میں پاکستان یا اس کے وزیرِ دفاع سے متعلق کوئی بیان موجود نہیں۔
مزید برآں، اے آئی ڈیٹیکشن پلیٹ فارم نے بھی اس کلپ کے آڈیو کو 95 فیصد سے زائد امکان کے ساتھ جعلی قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے حالیہ ایران امریکا کشیدگی کے دوران پاکستان، اس کی فوج یا قیادت کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا ہے۔
یہ وائرل ویڈیو ایک گمراہ کن پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد عوام میں غلط فہمی پھیلانا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر ایسی غیر مصدقہ ویڈیوز پر یقین کرنے سے گریز کریں اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں