کابینہ نے دہلی کار بم دھماکہ کی سخت مذمت کی، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اعادہ کیا
نئی دہلی، 12 نومبر (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے دہلی کار بم دھماکہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کا گھناؤنا واقعہ قرار دیا اور دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تئيں عزم کا اعادہ کیا وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ نے اس واقعہ میں مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔ دھماکہ کی شدید مذمت کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ کابینہ نے اسے بزدلانہ اور قابل نفرت اقدام قرار دیتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ “کابینہ نے لال قلعہ کے قریب کار بم دھماکہ کے دہشت گردانہ واقعے میں مرنے والے لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ کابینہ نے مرنے والوں کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی”۔
قرارداد میں کہا گیا کہ ملک دشمن قوتوں نے کار بم دھماکہ کے ذریعے دہشت گردی کی گھناؤنی کارروائی کی ہے۔ دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہيں۔
کابینہ نے دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کے خلاف ملک کی زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تئيں اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ واقعے کی فوری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تحقیقات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ قصورواروں، ان کے ساتھیوں اور آقاؤں کی نشاندہی کرکے انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ حکومت اعلیٰ سطح پر صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔
کابینہ نے تمام باشندگان وطن کی زندگیوں اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لئے حکومت کے عزم کا بھی اعادہ کیا، یہ کہتے ہوئے کہ یہ قومی سلامتی اور ہر شہری کی حفاظت کے تئیں اس کی عہد بندی کے مطابق ہے۔
کابینہ نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی اور زخمیوں کا علاج کرنے والے طبی عملہ اور متاثرین کی امداد اور نگہداشت میں کردار ادا کرنے والے ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ کابینہ نے دنیا بھر کی کئی حکومتوں کی جانب سے یکجہتی اور حمایت کے پیغامات پر بھی اظہار تشکر کیا۔
کابینہ نے حکام، سکیورٹی ایجنسیوں اور شہریوں کے ہمت اور ہمدردی کے ساتھ بروقت اور مربوط ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ان کی فرض شناسی انتہائی قابل ستائش ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آج بھوٹان کے دورے سے واپس آنے کے بعد مسٹر نریندر مودی ہوائی اڈے سے سیدھے لوک نائک جے پرکاش اسپتال پہنچے اور زخمیوں سے ملاقات کرکے ان کی مزاج پرسی کی۔
دھماکے میں 13 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوئے۔
