لاہور،18 جنوری (یو این آئی ) کرکٹ کو ‘ان ہونی کا کھیل’ کہا جاتا ہے، لیکن پاکستان کے ڈومیسٹک سیزن میں ایک ایسا معجزہ رونما ہوا ہے جس نے ڈھائی صدیوں پرانی تاریخ بدل کر رکھ دی۔ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں وہ ہو گیا جس کا تصور بھی محال تھا؛ ایک مضبوط ٹیم محض 40 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور کرکٹ کی دنیا کو ورطہِ حیرت میں ڈال دیا۔
تفصیلات کے مطابق، ایس این جی پی ایل (SNGPL) اور پی ٹی وی (PTV) کے درمیان کھیلے گئے فرسٹ کلاس میچ میں پی ٹی وی نے وہ کارنامہ انجام دیا جو 253 سالوں میں کوئی نہ کر سکا۔ پی ٹی وی کی ٹیم نے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور کا کامیاب دفاع کر کے اپنا نام سنہری حروف میں لکھوا لیا۔
ایس این جی پی ایل کو میچ جیتنے کے لیے صرف 40 رنز کی ضرورت تھی، جو کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک رسمی ہدف سمجھا جاتا ہے۔ تاہم پوری ٹیم صرف 37 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔سیف اللہ بنگش 14 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیکن وہ ٹیم کو جیت کی دہلیز پار نہ کرا سکے۔
ٹیم کی بیٹنگ لائن کا حال یہ تھا کہ کپتان شان مسعود سمیت تین تجربہ کار کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
اس حیران کن نتیجے کے ساتھ ہی کرکٹ کی تاریخ کا 253 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ یہ میچ ثابت کرتا ہے کہ کرکٹ میں جب تک آخری گیند نہ پھینک دی جائے، کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
