سری نگر، 13 جنوری (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں 19 جنوری سے 21جنوری تک ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 13 سے 15 جنوری تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 سے 18 جنوری تک موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں 19 جنوری سے 21 جنوری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 22 سے 24 جنوری تک بھی اسی نوعیت کے موسمی صورتحال کی توقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 25 اور 26 جنوری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں بتایا کہ وادی میں 15 جنوری سے درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے کچھ علاقوں میں اگلے تین دنوں کے دوران درمیانی درجے کی دھند جاری رہ سکتی ہے۔
مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ٹریفک اور انتظامیہ کی طرف سے جاری مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔
وادی میں سخت سردیوں اور بھاری برف باری کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلاں کا نصف سے زیادہ حصہ بیت گیا ہے لیکن میدانی علاقوں میں برف باری نہیں ہوئی ہے جس کا لوگ خاص کر کسان بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
0
