0

کٹھوعہ میں پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم 7 افراد کی کروڑوں روپیوں کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط: پولیس

جموں، 3 جنوری (یو این آئی) جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم 7 افراد کی کروڑوں روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ خصوصی عدالت جموں کے حکم کی تعمیل میں کٹھوعہ پولیس نے ایک غیر معمولی کارروائی کے تحت تحصیل لوہائی ملہار ضلع کٹھوعہ میں 7 ملزموں کے خلاف ضبطی کے وارنٹس پر عملدر آمد کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام ملزمان اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں اور تھانہ ملہار میں بی این ایس ایکٹ کے دفعات61(1)، 147 اور یو اے (پی) اے ایکٹ کے 13/16/18/38/39 اور ای آئی ایم سی او ایکٹ کے دفعہ 2/3 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 21/2024 میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایف آئی آر میں ملوث 7 افراد کے خلاف اشتہاری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں۔
ملزموں کی شناخت محمد ایزا عرف عدیل انصذاری ولد غلام حسین ساکن لویہ ملہار (ضبط شدی جائیداد 1 کنال اراضی)، عبد الکریم عرف بٹہ ولد عبد الستار ساکن ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 12 مرلے)، سرفراز نواز عرف نواز احمد ولد محمد سلیم ساکن لوہائی ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 1 کنال 10 مرلے)،محمد فاروق عرف فاروق احمد عبدالرحمان ساکن لوہائی ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 1 کنال 5 مرلے)،محمد حفیظ ولد محم،د بٹ ساکن لوہائی ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 2 کنال)، گل محمد ولد محمد رمضان خان ساکن لویہا ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 15 مرلے) اور اختر علی عرف نیکو ولد محمد سلیم ساکن بدنوٹا موڑاروڑہ لوہائی ملہار کٹھوعہ (ضبط شدہ جائیداد 3 کنال 13 مرلے) کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ تمام مذکورہ ملزمان اشتہاری کارروائی کے باوجود مفرور رہے جس کے بعد محکمہ مال (ریونیو) کی معاونت سے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ان جے کے او پیز کی غیر منقولہ جائیدادوں کی نشاندہی کرکے انہیں بی این ایس ایس کے دفعات کے تحت ضبط کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح لوہائی ملہور ضلع کٹھوعہ میں مجموعی طور پر 7 باشندگان، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہیں، کی 10 کنال 15 مرلہ اراضی ضبط کر لی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن ملہار کے ایس ایچ او کی قیادت اور ایس ایس پی کٹھوعہ کی مجموعی نگرانی میں انجام دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں