حیدرآباد 24جنوری(یواین آئی)ہندوستانی ریلوے کی تاریخ میں ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ایسٹ کوسٹ ریلوے نے وشاکھاپٹنم ریلوے اسٹیشن پر ملک کا پہلا ہیومنائیڈ روبوٹ پولیس متعارف کرایا ہے۔ اس جدید روبوٹ کا افتتاح آر پی ایف کے آئی جی آلوک بوہرا اور ڈی آر ایم للت بوہرا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس روبوٹ کو اے ایس سی ارجن کا نام دیا گیا ہے۔
یہ روبوٹ مکمل طور پر دیسی ٹکنالوجی اور انٹرنیٹ آف تھنگس کی مدد سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی اہم خصوصیات درج ذیل ہیں۔
ٹیکنالوجی کے ذریعہ یہ مشکوک افراد اور مجرموں کی فوری شناخت کر سکتا ہے۔ یہ مختلف زبانوں میں مسافروں سے بات چیت کرتا ہے انہیں خوش آمدید کہتا ہے اور ضرورت پڑنے پر نمستے بھی کرتا ہے۔ آر پی ایف عہدیداروں کو دیکھ کر یہ روبوٹ سلیوٹ بھی کرتا ہے اور ریئل ٹائم انٹیلیجنس کے ذریعہ کنٹرول روم کو ڈیٹا فراہم کرتا رہتا ہے۔ یہ روبوٹ آگ لگنے یا دھواں اٹھنے کی صورت میں فوری طور پر عملہ کو الرٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پلیٹ فارم پر گشت، ہجوم پر قابو پانا اور عوامی اعلانات کرنا اس کی اہم ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹکنالوجی سے مسافروں کے تحفظ میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں اسے ملک کے دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر بھی تعینات کرنے کا منصوبہ ہے۔
