سری نگر،23دسمبر(یو این آئی) انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیررینج وی کے بردی نے منگل کے روز ضلع بارہمولہ میں ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی جس دوران شمالی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا مفصل جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں ڈی آئی جی شمالی کشمیر، ایس ایس پی بارہمولہ، ایس ایس پی سوپور، ایس ایس پی ہندواڑہ، ایڈیشنل ایس پی بارہمولہ، ایس پی آپریشنز بارہمولہ، اے ایس پی ہیڈکوارٹرز، سی پی او ڈی پی ایچ کیو کے علاوہ ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج پولیس پوسٹس نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران مختلف پولیس اسٹیشنوں نے جرائم کے رجحانات، احتیاطی اقدامات، تفتیش کو مضبوط بنانے اور پراسیکیوشن کے معیار کو بہتر کرنے کے حوالے سے مفصل پریزنٹیشنز پیش کیں۔
آئی جی پی کشمیر نے افسران کو ہدایت دی کہ جرم زدہ علاقوں اور عادی مجرموں پر سخت نگرانی رکھی جائے، کیسز کی بروقت رجسٹریشن اور پیشہ ورانہ طرزِ تفتیش کو بھی یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے منشیات کے پھیلاؤ پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے منشیات فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں نفاذی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ احتیاطی اور بیداری مہمات میں بھی تیزی لائی جائے.
0
