ابو ظہبی ،16 دسمبر (یو این آئی ) آئی پی ایل-2026 کی میگا نیلامی کرکٹ کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز لمحات میں سے ایک بن گئی، جب آسٹریلیا کے اسٹار آل راؤنڈر کیمرون گِرین کے لیے فرینچائزز نے ریکارڈ توڑ بولیاں لگائیں۔
کولکاتہ ا نائٹ رائیڈرز ( کے کے آر) اور چنئی سپر کنگز ( سی ایس کے ) کے درمیان جاری زبردست بولی کے بعد گِرین کو 25.20 کروڑ روپے میں کے کے آر نے خرید لیا، جس کے ساتھ وہ آئی پی ایل تاریخ کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ مِشل اسٹارک کے پاس تھا، جنہیں آئی پی ایل 2024 میں کے کے آر نے 24.75 کروڑ میں خریدا تھا۔
کیمرون گِرین 2 کروڑ روپے کی بیس پرائس کے ساتھ نیلامی میں آئے۔سب سے پہلے ممبئی انڈینز نے بولی لگائی، لیکن جلد ہی مقابلہ راجستھان رائلز اور کے کے آر کے درمیان زور پکڑ گیا۔
13.60 کروڑ روپے پر راجستھان پیچھے ہٹ گئی۔پھر سی ایس کے نے بولی 20 کروڑ سے زیادہ تک پہنچا دی، جو ان کی کسی کھلاڑی پر سب سے بڑی بولی تھی۔آخرکار کے کے آر نے 25.20 کروڑ کی بولی لگا کر گِرین کو اپنی ٹیم میں شامل کرلیا ۔
یہ کیمرون گِرین کا تیسرا آئی پی ایل سیزن ہے۔2023 میں ممبئی انڈینز نے انہیں 17.50 کروڑ میں خریدا، جہاں 16 میچوں میں 452 رنز بنائے، جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاںشامل ہیں۔2024 میں وہ رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلے، 13 میچوں میں 255 رنز بنائے۔2025 میں چوٹ کے باعث کھیل نہیں سکے۔ ان کی آل راؤنڈر کی حیثیت، حالیہ فارم اور متوقع کارکردگی نے انہیں نیلامی کا سب سے بڑا اسٹار بنا دیا۔ کیمرون گِرین کی یہ بولی نہ صرف آئی پی ایل کی تاریخ میں سنسنی خیز لمحہ ہے بلکہ کے کے آر کے لیے یہ سرمایہ کاری مستقبل کے لیے ایک طاقتور ہتھیار ثابت ہو سکتی ہے۔
0
