حیدرآباد، 22 فروری (یواین آئی)وادی حسن کا تذکرہ ہو اور آندھرا کا کشمیر کہلانے والے لمباسنگی کا نام نہ آئے یہ ممکن نہیں۔ سطح سمندر سے 3,500 فٹ کی بلندی پر واقع ضلع الوری کے چنتا پلی ایجنسی کا یہ علاقہ ان دنوں اپنی قدرتی خوبصورتی اور رنگ برنگے پھولوں کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ برفانی ٹھنڈک اور دھند کی آغوش میں کھلے بے شمار پھول یہاں آنے والوں کے دل موہ رہے ہیں۔ یہاں کا درجہ حرارت اکثرواحد عدد تک گر جاتا ہے جو نہ صرف سیاحوں کو مسحور کرتا ہے بلکہ اب یہ علاقہ سرد موسم کی فصلوں اور نایاب پھولوں کی کاشت کے لئے ایک بہترین منزل بن چکا ہے۔
مقامی نوجوان کسانوں کی محنت سے یہاں دس ایکڑ پر اسٹرابیری اور تین ایکڑ پر مشتمل ایک خوبصورت پھولوں کا باغ تیار کیا گیا ہے۔ اس باغ میں جربیرا، گلبودی اور ڈاہلیا جیسے پھول سرخ، زرد،سفید اور نیلے رنگوں کی بہار دکھا رہے ہیں۔ نوجوان کسان کرشنا کے مطابق، یہاں اینتھوریم، گیندا اور سورج مکھی کی کاشت بھی بڑے پیمانہ پر کی جا رہی ہے۔ یہ نظارے اتنے دلفریب ہیں کہ سیاح یہاں فوٹو شوٹ اور سیلفیاں لینے کے لئے قطاریں لگا رہے ہیں۔ پھولوں کے ساتھ ساتھ یہاں زوچینی اور بروکولی جیسی سبزیوں کی کاشت بھی کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف کسانوں کو منافع ہو رہا ہے بلکہ مقامی قبائلی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آ رہے ہیں۔
0
