سری نگر،یکم مارچ (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی تشویشناک اور غیر مستحکم کرنے والی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اتوار کو جاری اپنے سخت ردعمل میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے امریکی اور اسرائیلی مشترکہ حملے کو افسوسناک، اشتعال انگیز اور خطے میں مزید بے چینی پھیلانے والا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف عالمی سطح پر عدم اعتماد کو بڑھاتے ہیں بلکہ خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو بھی شدید تر کر دیتے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی صدر نے اس واقعے کو اندوہناک سانحہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دانشمندی اور بردباری کا مظاہرہ کرے اور انصاف و بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنائے۔
ڈاکٹر عبد اللہ نے مزید کہا کہ ایسے واقعات مجموعی طور پر بے یقینی اور دکھ کو گہرا کرتے ہیں، اس لئے تمام فریقین کو اشتعال سے دور رہ کر حالات کو معمول پر لانے کے لیے سنجیدگی سے کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ وہ عوامی صورتحال کو حساسیت کے ساتھ سنبھالے اور سوگ و غم کا اظہار کرنے والوں کو احترام کے ساتھ ایسا کرنے کی اجازت دے، تاکہ کوئی بھی شخص خوف یا پابندیوں کے بغیر اپنے جذبات کا اظہار کرسکے، جبکہ امن و امان برقرار رہے۔
واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا نے اتوار کی صبح اس بات کی تصدیق کی کہ آیت اللہ خامنہ ای امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ حملے میں ان کے داماد اور بہو بھی جاں بحق ہوئے۔
0
