0

ادھم پور آپریشن: ایس او جی اہلکار شہید، تین دہشت گرد محصور، سرچ آپریشن جاری: آئی جی جموں

جموں،16دسمبر(یو این آئی) آئی جی جموں بھیم سین توتی نے منگل کے روز کہا کہ ادھم پور ضلع کے مجالتا علاقے میں مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیے گئے دہشت گرد مخالف آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا، جس میں اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا، جبکہ تین دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
آئی جی پی بھیم سین توتی نے شہید اہلکار کی تعزیتی گلباری کے موقع پر میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پیر کی شام سکیورٹی فورسز نے مجالتا کے گھنے اور دشوار گزار جنگلاتی علاقے میں آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ خفیہ ایجنسیوں سے ملی اطلاع کے مطابق دہشت گرد علاقے میں موجود تھے، جس پر ایس او جی کی ایک محدود مگر مستعد ٹیم نے آپریشن شروع کیا جس دوران سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے دوران ایس او جی اہلکار امجد علی خان، ساکن پونچھ، شدید زخمی ہو گئے۔ فورسز نے فوری طور پر انہیں محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی کوشش کی، تاہم زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ آئی جی جموں نے کہا کہ فورسز نے ایک بہادر اور فرض شناس جوان کو کھو دیا ہے۔
آئی جی پی کے مطابق جھڑپ کے بعد دہشت گرد قریبی جنگلات کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، تاہم تمام ممکنہ راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور علاقے میں سخت محاصرہ برقرار ہے۔ فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی اضافی نفری کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نالین پربھات اور دیگر اعلیٰ افسران نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں