0

اسرائیل اور امریکہ خوابوں میں ہیں، حقیقت مختلف ہے: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

تہران، 11 جنوری (یواین آئی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا اور اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک زمینی حقائق کے بجائے خوش فہمیوں میں مبتلا ہیں اور یہ سمجھ رہے ہیں کہ خطے میں آگ بھڑکانے کے باوجود وہ خود محفوظ رہیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ درحقیقت اسرائیل اور امریکہ خوابوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ یہ گمان کر رہے ہیں کہ جلاؤ گھیراؤ کی آگ بھڑکانے والے خود اس کے اثرات سے محفوظ رہیں گے، جو حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔
عباس عراقچی نے امریکا کے سابق وزیر خارجہ اور سی آئی اے کے سابق سربراہ مائیک پومپیو کے حالیہ بیان کو ”شرمناک” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے واشنگٹن اور تل ابیب کے اصل عزائم کھل کر سامنے آتے ہیں۔ ان کے بقول ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور داخلی معاملات میں مداخلت کی عکاسی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مائیک پومپیو نے حال ہی میں ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی حکومت دباؤ میں ہے اور فوجی مداخلت ہی ان کی آخری امید بن سکتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایرانی حکومت کے 47 برس مکمل ہونے اور ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا کے 47ویں صدر ہونے کو محض اتفاق کیسے قرار دیا جا سکتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کے اس بیان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی بیانات کے تناظر میں ایک سخت اور واضح سفارتی ردعمل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں