جموں،5فروری: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کی رات دو روزہ دورے پر جموں پہنچے جہاں وہ سرحدی سکیورٹی، مجموعی امن و امان، اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ وہ جمعہ اور ہفتہ کو متعدد اہم اجلاسوں کی صدارت کے علاوہ شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورے کے سرکاری شیڈول کے مطابق امت شاہ رات 10 بج کر 45 منٹ پر جموں ٹیکنیکل ایئرپورٹ پہنچے اور سیدھے لوک بھون روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جمعہ کو وزیر داخلہ پہلے بارڈر آؤٹ پوسٹ گرنام کا معائنہ کریں گے، جس کے بعد بوبیہ پوسٹ کا دورہ کریں گے جہاں وہ سرحدی اہلکاروں کے لیے چھ بہبود اسکیموں کا ای-افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان منصوبوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں تعینات جوانوں کی سہولیات بہتر بنانا اور انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنا ہے۔
دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر وزیر داخلہ لوک بھون میں جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں سرکردہ سول و پولیس افسران شرکت کریں گے۔
اس کے فوراً بعد 3 بجے وہ شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کریں گے اور تقرری پروگرام میں بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ، 7 فروری کو امت شاہ صبح 10:30 بجے لوک بھون میں جموں و کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں جاری اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ اور مستقبل کے منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ اسی روز سہ پہر کے بعد دہلی روانہ ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ امت شاہ اپنے پچھلے دوروں کی طرح اس بار بھی سکیورٹی، انتظامیہ اور ترقیاتی معاملات پر جامع جائزہ لے کر مقامی قیادت اور سکیورٹی حکام سے تفصیلی مشاورت کریں گے۔
0
